ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گوری لنکیش کے قتل کے خلاف دہلی پریس کلب کے باہرزبردست احتجاجی مظاہرہ

گوری لنکیش کے قتل کے خلاف دہلی پریس کلب کے باہرزبردست احتجاجی مظاہرہ

Wed, 06 Sep 2017 21:43:54    S.O. News Service

نئی دہلی،6؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سینئرجرنلسٹ گوری لنکیش کو کل بنگلورکے راجیشور نگر میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی۔اس قتل کے خلاف آج دہلی پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرے ہوئے۔اس مظاہرے میں بہت سے صحافی، سوشل ورکرز، وکلاء اور یونیورسٹی کے طلبہ نے حصہ لیا۔احتجاجی مظاہرین میں شامل سب نے قتل کی مخالفت کی اور قاتلوں کو جلد از جلد پکڑنے کی مانگ کی۔اس کے ساتھ اظہاررائے کیلئے ایک جمہوری ماحول پیدا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔

گوری لنکیش کنڑا میں ’’لنکیش میگزین ‘‘نامی ہفتہ واری میگزین نکالتی تھیں اور ہندوتوا سیاست کی سخت نقاد تھی۔اس مظاہرے میں شامل ہونے والے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے کہا کہ ملک میں جو کچھ بھی جاری ہے وہ خطرناک ہے،اگر یہ جاری رہا تو اس ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو جائے گی، تہذیب ختم ہو جائے گی اور چاروں طرف شرپسندی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جولوگ چپ بیٹھے ہیں انہیں اس قسم کے تشدد کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔بھوشن نے آن لائن میڈیا ذرائع پر قتل کی حمایت کرنے والے افراد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت افسوسناک اورتشویشناک ہے کہ کسی خاص نظریے کے لوگ اس قتل کی حمایت کر رہے ہیں۔

مظاہرے میں شامل مصنفہ گیتاہری ہرن نے کہا کہ ہم ایک ایسے وقت میں رہ رہے ہیں جہاں سوال کرنے والے صحافی، مصنفین اور فلم سازوں کو نہ صرف ڈرایا جاتاہے بلکہ انہیں گولیاں بھی ماردی جاتی ہیں۔گوری لنکیش نہ صرف ہندوتوا  خیالات کے خلاف بلکہ معاشرے میں تمام قسم کی غلطیوں کے خلاف بولتی اورلکھتی تھیں۔گوری میرے اورملک کی کروڑوں خواتین کیلئے آئیڈیل تھیں۔ہم نے ایک صحافی کھو دیا جس کی زبان اقتداراورر معاشرے سے کھل کر سوالات پوچھتی تھی۔احتجاج میں مختلف جگہوں سے لڑکے اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔


Share: